اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملیشین ایئرلائن کے مسافر بردار جہاز ایم ایچ 17 کو باہر سے انتہائی تیز رفتار چیزوں یا اجسام سے نشانہ بنایا گیا جس سے طیارے کو باہر سے شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس کے بعد طیارے کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور وہ فضا میں ہی ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا۔ ڈچ سیفٹی بورڈ کی جانب سے جاری اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارے کی تباہی میں کسی قسم کی تکنیکی یا انسانی غلطی کے شواہد نہیں ملے۔ اس رپورٹ کی تیاری میں طیارے کے بلیک باکس، جائے وقوعہ سے لی گئی ویڈیوز اور تصاویر اور یوکرین ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے فراہم کی معلومات سے مدد لی گئی۔ طیارہ ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جا رہا تھا اور اس میں زیادہ تر ڈچ مسافر سوار تھے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو شمالی مشرقی یوکرین میں روسی سرحد کے قریب ملیشیا کے مسافر طیارے کو حملہ کر کے مار گرایا گیا تھا جس سے جہاز میں سوارعملے اور مسافروں سمیت تمام 295 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یوکرین اور مغربی ملکوں نے روس نواز باغیوں پر طیارہ گرانے کا الزام عائد کیا تھا تاہم روس نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی تردید کرتے ہوئے طیارہ گرانے کا الزام یوکرین کی حکومتی افواج پر عائد کیا تھا۔
.......
/169